اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے جوانوں کی مذہبی تنظیم ’’اصغریہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن پاکستان‘‘ کے اراکین نے پیغمبر اکرم(ص) کے ایام ولادت اور ہفتہ وحدت کے موقع پر تہران میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل سے ملاقات اور گفتگو کی جس میں حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے دنیا بھر میں جاری تکفیری پروپیگنڈوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: تکفیری ٹولے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کے لیے ہر طرح کی سازشیں انجام دے رہے ہیں۔ لہذا ان سازشوں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شیعہ سنی آپس میں متحد ہو جائیں۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا: پاکستان میں بھی شیعوں اور سنیوں کو باہمی اتحاد اور ہمدلی کے ساتھ رہنا چاہیے اور اپنے ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کو سماجی خدمات انجام دینا چاہیے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل نے تکفیری فکر کا علم و منطق کے ساتھ جواب دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: اصغریہ تنظیم کو اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے ساتھ زیادہ مرتبط رہتے ہوئے تبلیغی سلسلے میں اسمبلی کی مصنوعات مخصوصا کتابوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے اہل سنت کے ساتھ روابط بڑھانے، انہیں شیعوں کی مجالس میں شرکت کی دعوت دینے اور ان کی مجالس میں شرکت کرنے کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا: ہمارا اہل سنت کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے مسلمانوں میں بنیادی مشکلات ایجاد کرنے والے وہابی علماء ہیں۔

حجۃ الاسلام و المسلمین اختری نے مزید کہا: گذشتہ تیس سال سے ایران میں اسلامی وحدت کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے اور علمائے اہل سنت اس میں شرکت کرتے ہیں بہت سارے اہل سنت نے ایران کا سفر کیا ہے اور یہاں حقائق کو نزدیک سے دیکھا ہے اور ان کی فکریں بدل چکی ہیں۔
انہوں نے کہا: ہم آج بھی ان کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ ہم دلیل و منطق کے قائل ہیں۔
انہوں نے آخر میں پاکستان میں اصغریہ تنظیم کے جوانوں کو تاکید کرتے ہوئے کہا: اہل تشیع میں سے کسی کو اہل سنت کے بزرگوں کی توہین کا حق حاصل نہیں ہے۔ آپ کی تنظیم ملک کے مختلف علاقوں میں حاضر ہو کر اہل سنت کے ساتھ روابط بڑھا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن علامہ حیدر علی جوادی نے ۱۹۶۵ میں پاکستان کی ریاست سندھ میں ’’اصغریہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن پاکستان‘‘ کی بنیاد ڈالی۔
اس تنظیم کا مقصد جوانوں مخصوصا یونیورسٹیوں کے طلبہ کی تعلیمات اہل بیت(ع) کی تئیں علمی سطح کو بلند کرنا ہے اس تنظیم کے مختلف شعبہ جات منجملہ، اقتصادیات، نشر و اشاعت، شعبہ خواتین اور تعلیم و تربیت وغیرہ ہیں۔
اصغریہ تنظیم کے پاکستان بھر میں ۲۰۰ شعبے ہیں جو ۵۰۰ سے زیادہ علاقوں میں اپنی سرگرمیاں انجام دینے میں کوشاں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲